62

رنبیر کپور نے عالیہ کے حمل پر بے تکا کمنٹ کرنے پر معافی مانگ لی

نئی دہلی: رنبیر کپور نے اپنی حاملہ بیوی عالیہ بھٹ کے بارے میں مزاحیہ تبصرے پر معافی مانگتے ہوئے کہ اس موقع پر میری حس مزاح بے تکی ثابت ہوئی۔

عالیہ بھٹ کی آنے والی نئی فلم ’’برہمسترا‘‘ کی تشہیر کے لیے انسٹاگرام کے لائیو سیشن میں اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر آپ یہ پوچھ رہے ہیں ابھی فلم کی تشہیر کا ہر جگہ پھیلاؤ اتنی شدت سے کیوں نہیں ہورہا تو اس وقت ہمارا فوکس ۔۔۔

ابھی یہ جملہ مکمل نہیں ہوا تھا کہ رنبیر کپور نے انھیں روکا اور عالیہ کی بڑھے ہوئے پیٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں کہہ سکتا ہوں کہ ’’کوئی ہے جو پھیلاؤ جاری رکھے ہوئے ہے‘‘ اور پھر ہنستے ہوئے کہا کہ یہ ایک مذاق تھا۔ عالیہ بھی رنبیر کے اس مذاق پر ایک لمحے کو چونک گئی تھیں اور پھر مسکرانے لگیں۔

رنبیر کپور کے اس جملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے اداکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موقع محل دیکھے بغیر رنبیر کپور نے غلط بات کہی۔ وہ لائیو سیشن میں میاں بیوی نہیں بلکہ اداکار اور اداکارہ کی حیثیت سے بیٹھے تھے۔

اداکار کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بہت سے صارفین نے رنبیر کپور کے تبصرے کو احساس سے عاری جملہ قرار دیا اور کچھ نے انھیں بد ذوق بھی کہا۔

سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کے بعد رنبیر کپور کی حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انھوں نے  عالیہ بھٹ اور عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ یہ ایک لطیفہ تھا جو مضحکہ خیز ثابت ہوا۔ میرا یہ ارادہ ہرگز نہیں تھا بعد میں عالیہ سے اس کے بارے میں بات بھی کی اور وہ ہنس پڑیں۔ کبھی کبھی میری حس مزاح مجھ پر الٹ ہوجاتی ہے۔ میں ان تمام لوگوں سے بھی معافی مانگتا ہوں جو اس مذاق سے ناراض ہوئے۔

تاہم کچھ صارفین نے رنبیر کپور کا دفاع بھی کیا اور لکھا کہ آپ اور عالیہ لائف پارٹنر بھی ہیں اور یہ بات پوری دنیا بھی جانتی ہے تو پھر کس لیے اتنی تنقید کی جا رہی ہے۔ کیا ایک شوہر اپنے بیوی سے مذاق نہیں کر سکتا۔