27

افغان مفاہمتی عمل ٗ زلمے خلیل زاد کی آج اسلام آباد آمد

اسلام آباد۔امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد ایک روزہ دورے پر جمعہ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔اسلام آباد دورے کے دوران زلمے خلیل زاد افغان مفاہمتی امن عمل کے حوالے سے اعلی قیادت کے ساتھ بات چیت کرینگے۔ اہم سفارتی ذرائع کے مطابق افغانستان کیلئے خصوصی امریکی نمائندہ برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد جمعہ کو ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آبا د پہنچ رہے ہیں۔

 توقع ہے کہ امریکی خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد خطے میں امن وامان کی صورتحال، افغان طالبان اور امریکہ کے مابین امن مزاکرات کے حوالے سے پاکستان کی اعلی سرکاری اور عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات کرینگے۔ اس سے قبل ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں امریکہ اور افغان طالبان کے مابین مذاکراتی عمل کی بحالی کو خوش آئند قراردیا تھا۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھے گا اور اس سلسلے میں اپنا کردار اد ا کرے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان کے معاملات باہمی افہام وتفہیم سے افغان قیادت میں ہونے چاہیے۔واضع رہے کہ اس سے قبل افغان طالبان اور امریکہ کے مابین مذاکرات کاسلسلہ روک دیا گیا تھا تاہم گزشتہ عرصے کے دوران افغان مفاہمتی عمل پر پھر سے کام شروع ہوگیا ہے جسے دونوں جانب سے خوش آئند قراردیا جارہا ہے۔