28

احتساب عدالت کا شہباز شریف خاندان کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم

لاہور: احتساب عدالت نے شہبازشریف اوران کے خاندان کے 9 افراد کے اثاثہ جات منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے جج چوہدری امیرمحمد خان نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہبازشریف اوران کے خاندان کے 9 افراد کے اثاثہ جات منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

نیب کے اسپیشل پراسکیوٹرحافظ اسد اللہ اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف اینڈ فیملی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے اورمنی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں کی جائیدادیں بنا رکھی ہیں، لہذا شہبازشریف، حمزہ، نصرت شہباز، تہمینہ درانی سمیت 9 افراد کے تمام اثاثے منجمد کیے جائیں۔

نیب کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، ان کی بیگمات اوربیٹوں کے نام پر مختلف مقامات پر 23 جائیدادیں ہیں۔ واضح رہے کہ نیب لاہور کی جانب سے اثاثہ جات منجمد کرنے کے لیے 15 درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔