49

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر حمزہ شہباز کوٹ لکھپت جیل منتقل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر  ڈسٹرکٹ کیمپ جیل سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔

 مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو ڈسٹرکٹ کیمپ جیل سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کی سالگرہ منانے کے لئے 200 سے زائد کارکن آج ڈسٹرکٹ کیمپ جیل کے باہر پہنچے، بڑی تعداد میں لیگی کارکنوں کے جمع ہونے سے جیل کے باہر امن و امان کی صورتحال پیدا ہوئی اور فیروزپور روڈ پر 2 گھنٹے سے زائد وقت تک ٹریفک شدید دباؤ کا شکار رہی۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی کارکنان کے جیل کے باہر جمع ہونے کے واقعے کے بعد جیل حکام کا اعلی سطحی اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ جیل کے باہر آئے روز لیگی کارکنوں کی آمد سے سکیورٹی کے خدشات پیدا ہو سکتے ہیں لہذاٰ حمزہ شہباز کو ڈسٹرکٹ کیمپ جیل سے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت منتقل کردیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو 4 ستمبر کو احتساب عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ کیمپ جیل منتقل کیا تھا، تاہم اب انہیں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سخت سیکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا ہے اور ان کی جیل منتقلی سے متعلق احتساب عدالت کو کل آگاہ کیا جائے گا۔