46

ایف اے ٹی ایف تجاویز پر عملدرآمد، بلوچستان میں 55 مقدمات درج، 29 افراد گرفتار

بلوچستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی تجاویز پر عملدرآمد کرتے ہوئے منی لانڈرنگ سے متعلق 55 مقدمات درج کرلیے جبکہ 29 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

اس بات کا انکشاف سی ٹی ڈی حکام نے وزیراعلیٰ بلوچستان جمال کمال الیانی کی سربراہی میں ایف اے ٹی ایف کی تجاویز پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس کے دوران کیا۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ بلوچستان حیدر علی سمیت دیگر پولیس اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پورے صوبے میں ایف اے ٹی ایف کی تجاویز پر عملدرآمد کرتے ہوئے 55 مقدمات درج ہوئے جن میں 29 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ منجمد بینک اکاؤنٹس اور اثاثوں کی بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال الیانی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گرد تنظیموں کی مالی معانت کو روکنے کی ہدایت کردی۔

علاوہ ازیں اجلاس کے دوران صوبے میں کام کرنے والی رجسٹرڈ نہ ہونے والی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) پر پابندی لگانے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔واضح رہے ک صوبے میں اس وقت 4 ہزار 8 سو 92 این جی اوز رجسٹرڈ ہیں جبکہ ان میں سے صرف ایک ہزار 4 سو 18 این جی اوز فعال ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ حکومت بلوچستان نے 'بلوچستان چیریٹیز بل 2019' پیش کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا تاکہ چندہ جمع کرنے سے متعلق معاملات کو شفاف بنایا جاسکے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایف اے ٹی ایف کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔