کراچی۔ملک بھر میں پولیو کا مرض سنگین صورتحال اختیار کرگیا، پاکستان میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد45ہوگئی، سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور مزید 4 کیسز سامنے آنے کے بعد پولیو سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی۔
انسدادپولیو حکام کا کہنا ہے پولیو کے دو نئے کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے، پولیوکیس لاہور اور جہلم میں سامنے آئے، جس کے بعدپنجاب میں پولیو کیسز کی تعداد 5ہوگئی۔کے پی میں سب سے زیادہ 35 کیسز رپورٹ ہوئے، خیبرپختونخوا میں بنوں اور لکی مروت میں کیسز سامنے آئے جبکہ سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 3ہوچکی ہے۔
ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژنز کے اضلاع میں 15 جولائی سے پولیو مہم کا آغاز ہورہا ہے، جس میں 5 برس سے کم عمر کے 6 لاکھ 14 ہزار سو 90 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔پولیو کوآرڈینیٹر کامران آفریدی کے مطابق مہم کے لیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل 2 ہزار 6 سو 57 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔