84

ڈبلیو ایس ایس پی کی تربیت کا دوسرا مرحلہ شروع

پشاور۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے عملے کی استعدار کار بڑھانے کے لئے تربیت کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا جس میں کٹھہ قلیوں، خاکروں، ڈرائیوروں، فلیٹ اور واٹر ریٹ عملے کو تربیت دی جارہی ہے دوسرا مرحلہ ستمبر تک جاری رہے گااور ساڑھے چار ہزار اہلکاروں کو تربیت دی جائے گی جس کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو عملے کو صفائی ستھرائی، فراہمی آب اور گاڑیوں کے استعمال سے متعلق وقت کے تقاضوں اور قومی وعالمی معیار سے روشناس کرا رہے ہیں۔

 مختلف شعبوں کے عملے کو ذاتی تحفظ، ممکنہ خطرات سے بچنے، آلات ومشینری اور گاڑیوں کے استعمال، ممکنہ خرابی کی صورت میں ضروری اقدامات اٹھانے سے متعلق استعداد کار بڑھانے کیلئے مہارتیں سکھائی جارہی ہیں جبکہ عملی تربیت اور آالات ومشینری کے استعمال کا مظاہرہ بھی کرایا جارہا ہے، تربیت کا پہلا مرحلہ رمضان المبارک سے قبل مکمل کیا گیا تھا۔ڈبلیو ایس ایس پی نے عملے کی تربیت اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ صلاحیتیں اور مہارتیں بڑھانے کی غرض سے تین سالہ منصوبہ وضع کیا ہے جس کے لئے 18 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دلوائی گئی ہے جو ستمبر میں تمام عملے کی ابتدائی تربیت مکمل ہونے کے بعد وقتاً فوقتاً ریفریشر کورسز کے سیشن منعقد کرائیں گے اس دوران عملے کی نگرانی کرتے ہوئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔