46

حسینہ واجد پر حملہ کرنے والے 9افراد کو سزائے موت

ڈھاکہ۔بنگلہ دیش کی ایک ضلعی عدالت نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد پر حملہ کرنے والے ملزمان میں سے 9افراد کو موت کی سزا سنا دی ہے،ان افراد پرالزام تھا کہ انہوں نے23ستمبر 1994کو اس وقت حسینہ واجد کو جان سے مارنے کی کوشش کی تھی جب وہ ملکی سطح پر ٹرین کے ذریعے انتخابی مہم چلارہی تھیں۔تقریباً25سال بعد مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پبنا ضلع کی عدالت نے 9ملزموں کو سزائے موت سنا دی ایڈیشنل سیشن جج رستم علی نے بدھ کے روز 12ملزموں کی موجودگی میں مقدمے کا فیصلہ سنایا جبکہ 25افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

ان ملزموں نے گاڑی پر گرنیڈوں اور گولیوں سے حملہ کیا تھا مگر حسینہ واجد اس حملے میں محفوظ رہی تھیں۔پولیس نے 52افراد کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا، اور 4اپریل1997کو ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کیاتاہم تمام ملزموں نے عدالت سے ضمانت حاصل کرلی تھی گزشتہ روز 52میں سے30ملزم عدالت میں موجود تھے جس پر عدالت نے ان کی ضمانتیں بھی مسترد کردیں اور تمام افراد کو جیل بھیجنے حکام دے دیا جبکہ مفرور افراد کے وارنٹ گرفتار جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔