52

جنوبی اضلاع کو گیس فراہمی کیلئے 90کروڑ جاری

شاور۔خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ تیل و گیس کی پیداور والے جنوبی اضلاع کوہاٹ،کرک اور ہنگو میں سوئی گیس کی فراہمی اور گیس انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے صوبائی حکومت نے90کروڑ روپے کے خطیر فنڈز جاری کردئیے ہیں۔حکومت اپنے منشور اور وعدوں کے مطابق صوبے کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔صوبے میں تیل و گیس کی پیداوار سمیت دیگر جنوبی اضلاع کی پائیدار ترقی اور وہاں کے عوام کی فلاح وبہبود اور ان اضلاع کو صوبے کے دیگرترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کے لئے حکومت بھرپور وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ماضی کی حکومتوں کے برعکس صوبے کے تمام اضلاع کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے بلا امتیاز اقدامات کررہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کو تیل و گیس کی پیداوار کے اضلاع کے مسائل کا بخوبی اندازہ ہے۔ان اضلاع کا صوبے کے وسائل پر دیگر ترقی یافتہ اضلاع کے مساوی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ،کرک اور ہنگو کے اضلاع تیل و گیس کے قدرتی ذخائر سے مالا مال ہیں اور صوبے کے محاصل میں اضافے میں یہ اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔

تیمور سلیم نے کہا کہ مذکور فنڈز کے اجراء سے ان تینوں اضلاع کے 70 ہزار سے زائد گھرانوں کو نہ صرف گیس کی فراہمی ممکن ہوگی بلکہ وہاں پر گیس کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنا کر گیس سے متعلق لوگوں کے مسائل بھی حل ہوں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے عملی طور پر اقدامات کررہی ہے جن کے ثمرات عوام واضح طور پر محسوس کررہے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے کوہاٹ،کرک اور ہنگو کے اضلاع کو گیس کی فراہمی کے لئے فوری طور پر 90 کروڑ روپے کے فنڈز کا اجراء کردیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو مراسلہ  بھی جاری کردیا گیا ہے۔