24

پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ

 اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان کو بتایاگیا ہے کہ 14 اگست2019 سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ 

جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان  کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امور پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وزیرِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان، وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر ماحولیات ملک امین اسلم، معاون خصوصی  ڈاکٹرفردوس  عاشق اعوان، ترجمان ندیم افضل چن، معاون خصوسی یوسف بیگ مرزا،  وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال،  وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان  اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزیر اعظم عمران خان کو الیکٹرک وہیکل پالیسی،پنجاب میں سموگ کی روک تھام اور اس سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات،گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امور اور حکومت کی جانب سے دس ارب درخت لگانے  کے منصوبے پر اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خاتمے کے لئے قواعد و ضوابط بنا لیے گئے ہیں اور 14 اگست2019 سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی جائیگی۔