36

قبائلی اضلاع میں بحالی و تعمیر نو کیلئے5 ارب 40 کروڑ روپے جاری

اسلام آباد۔خیبرپختونخواکے قبائلی اضلاع میں بحالی و تعمیر نو کے783 منصوبہ جات کے لئے 5 ارب 40 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے۔ خیبر پختونخواکے تعمیر نو و بحالی و آبادکاری کے ادارے کے لئے پروگرام منیجر شکیل اقبال نے بدھ کو کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع میں بحالی و تعمیر نو 783 منصوبہ جات کے لئے 5 ارب 40 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں۔

 زکواۃ فنڈ سے قبائلی اضلاع میں تعلیمی اداروں کی تعمیر نو و مرمت جبکہ نئے تعلیمی ادارے بھی بنائیں گے جن میں پرائمری سے ہائی سکول تک کے ادارے شامل ہیں جبکہ صحت کے مراکز کی تعمیر نو اور نئے صحت کے مراکز کے بھی منصوبہ جات شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ واٹر سپلائی سکیمیں، توانائی اور سڑکوں کی تعمیر کے 783 منصوبوں پر رواں سال یکم جون سے کام شروع کیا جائے گا۔ 

شکیل اقبال نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت قبائلی اضلاع میں بحالی تعمیر نو سمیت دیگر مختلف منصوبوں کے لئے بھی ترقیاتی فنڈز فراہم کر رہی ہے تاکہ قبائلی اضلاع کو قومی دھارے میں شامل کیا جاسکے اور دوسرے اضلاع کے برابر ترقی دی جاسکے  اور دوسرے اضلاع کے برابر ترقی دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع کی عوام کے معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے صوبائی حکومت فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کررہی ہے۔