36

ؒقبائلی اضلاع کو موبائل سرو س کی تاخیر پرقرارداد جمع

پشاور۔ عوامی نیشنل پارٹی نے قبائلی اضلاع کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی غیر ضروری تاخیر پر خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ہے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ قبائلی اضلاع میں بنیادی ضروریات کے ساتھ ساتھ جدید دور کے رابطوں کی سہولت کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر کی جائے۔

قرارداد اے این پی کے پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے جمع کرائی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اپنے قبائلی دوروں کے دوران کئی اعلانات کرتے رہے ہیں لیکن ان اعلانات کے باوجود وہاں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس فراہم نہیں کی گئی، سردار حسین بابک نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی سے متعلق حکومتی اعلانات پر عمل درآمد کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ محرومیوں کا شکار قبائلی عوام جدید رابطے کی سہولت سے محروم رکھے گئے ہیں جو سراسر زیادتی و نا انصافی ہے۔

 انہوں نے قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کے کونے کونے میں فوری طور پر موبائل و انٹر نیٹ کی سہولت ہنگامی و جنگی بنیادوں پر فراہم کرنی چاہئے تاکہ وہاں کے عوام زندگی کی بنیادی ضرورت سے استفادہ کر سکیں۔