34

مسلم لیگ کے رہنما امیر مقام کے صاحبزادے کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

پشاور کی مقامی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام کے صاحبزادے اشتیاق امیر کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کردیا۔

ایف آئی اے حکام نے اشتیاق امیر سمیت 5 ملزمان کو انسداد بدعنوانی کی عدالت میں پیش کیا، دوران سماعت ملزمان نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے جھوٹا الزام لگایا گیا ہے۔

جس پر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان ایک سال کا منصوبہ 10 سال میں بھی مکمل کرنے میں ناکام رہے جبکہ خزانے کو 2 ارب روپے کا نقصان بھی پہنچایا۔

ایف آئی اے حکام نے عدالت سے ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی۔

بعد ازاں عدالت نے ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور انہیں ایف آئی اے حکام کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے۔