29

امیرمقام کے بیٹے کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے‘شاہد خاقان عباسی

 اسلام آباد۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبر پختون خوا کے صدر امیر مقام کے بیٹے کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اسے سیاسی انتقام نہ کہیں تو اور کیا کہیں؟

اگر حکومت ناکام ہوگئی ہے تو ہمارا کوئی قصور نہیں،نیب کے بعد ایف آئی اے اوروزارت داخلہ بھی سیاسی انتقام کے میدان میں اتری ہے، جتنی کرپشن پشاور میٹرو میں ہے کسی منصوبے میں نہیں،عمران خان کی کرپشن حلال ہے اور کسی اور کی غلطی بھی معاف نہیں، ہم بھی کرپشن کے خلاف ہیں، پارلیمنٹ میں ہماری مکمل زبان بندی ہے،قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے ریکوزیشن جمع کرادی ہے،ملک میں دہشت گردی کی لہر اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر بحث کرائی جائے۔ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ امیر مقام کو ایک مقدمہ میں ملوث کرنے کی کوشش کی گئی انکے بیٹے کو گرفتار کیا گیا۔

 انہوں نے کہاکہ نہ کسی نے شکایت کی جس ادارے نے کام کروایا نہ اس نے کوئی شکایت کی۔سابق وزیر اعظم نے کہاکہ این ایچ اے نے بھی کام معیاری نہ ہونے کی کوئی شکایت کی ہے،پرچہ میں جو الزام لگا وہ 3 کروڑ سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ امیر مقام کے بیٹے کی کمپنی کی 35 کروڑ کی بینک گارنٹیاں این ایچ اے کو دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی کام غلط ہوا تھا تو اس پر کبھی کوئی شکایت تو ہوتی۔انہوں نے کہاکہ 30 نومبر 2018 کو وزارت مواصلات کے جوائنٹ سیکرٹری نے ایف آئی اے کو خط لکھا،خط وزیر کے حکم پر لکھا گیا کہ اس منصوبے میں کرپشن ہے،یہ کیفیت ہے اس کیس کی اگر اسے سیاسی انتقام نہ کہیں تو اور کیا کہیں؟اگر حکومت ناکام ہوگئی ہے تو ہمارا کوئی قصور نہیں۔