22

علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

لاہور۔ احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 مئی تک توسیع کردی، جج جواد الحسن نے  نیب کے وکیل سے استفسار کیا علیم خان کے خلاف ریفرنس کی کیا پوزیشن ہے؟ جس پر نیب وکیل نے کہا بیرون ملک سے علیم خان کی پراپرٹی سے متعلق ریکارڈ آنا ہے اسکا انتظار کر رہے ہیں۔ 

پیر کو احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے عبدالعلیم خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنیوں کے کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کوجوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔ جج جواد الحسن نے  نیب کے وکیل سے استفسار کیا علیم خان کے خلاف ریفرنس کی کیا پوزیشن ہے؟ عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آف شورکمپنیوں کا ریکارڈ منگوانے کے لیے یواے ای لیٹرلکھے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کمپنیوں کا ریکارڈ آتے ہی ریفرنس دائرکردیا جائے گا جس پروکیل علیم خان نے کہا کہ خط کا جواب 25 برسوں میں نہ آئے توپھرکیا بنے گا۔

تحریک انصاف کے رہنما کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کے پاس ریفرنس پیش کرنے کے لیے ثبوت نہیں ہیں۔احتساب عدالت نے نیب سے حتمی رپورٹ طلب کرتے ہوئے علیم خان کے خلاف کیس کی سماعت 27 مئی تک ملتوی کردی۔