41

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی استثنیٰ کی درخواستیں منظور

 لاہور۔ احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہا ؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلیں۔ ہفتہ کو احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہا ؤسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔شہباز شریف بیرون ملک ہو نے کے باعث جبکہ حمزہ شہباز بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔

عدالت نے کیس کے ملزمان شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف سمیت گواہوں کو شہادتوں کے لئے طلب کر رکھا تھا۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کی حاضری سے استثنی کی درخواست ہے۔ شہباز شریف نے میڈیکل بنیاد پر حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی ہے۔ انہیں دو ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیاجائے۔

عدالت نے استفسار کیا کیا آپ اس بات کی یقین دہانی کروا سکتے ہیں کہ وہ دو ہفتے بعد عدالت میں پیش ہو جائینگے؟۔امجد پرویز نے عدالت کو جواب دیا کہ جی امید کی جاتی ہے کہ وہ علاج کے بعد پاکستان واپس آ جائیں گے۔نیب پراسکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔ نیب پراسکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ وہ گزشتہ تین سماعتوں سے عدالت کے روبرو پیش نہیں ہو رہے۔

ایک موقع پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ عدالتیں خالی کیوں ہیں؟نیب کورٹ کے ججز کیوں نہیں ہوتے کہیں جا رہے ہیں؟اسی طرح عدلت نے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز سے مکالمے میں کہا کہ اتنے سارے وکیل کیوں آ جاتے ہیں شہباز شریف کی پیشی پر؟جو کیس کے متعلقہ کونسل ہیں صرف وہی بولیں، باقیوں کو بولنے کی ضرورت نہیں ہے، ورنہ میں لکھ دونگا کہ 50 وکیل کیس کی پیشی کے موقع پر آئے۔عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر تے ہوئے کیس کی سماعت مزید کاروائی کے لیے 25 مئی تک ملتوی کر دی۔