35

پولیو مہم کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند

اسلام آباد: حکومت نے انسداد پولیو مہم کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے درجنوں اکاؤنٹس بند کردیئے۔

چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزیراعظم کے انسداد پولیو مہم کے معاون خصوصی بابر بن عطا کو تحریر کیے گئے مراسلے میں سوشل میڈیا کاؤنٹس بند کیے جانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق مجموعی طور پر 174 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے گئے ہیں، جن میں سے فیس بک کے 130، ٹوئٹر کے 14 اور یوٹیوب کے 30 اکاؤنٹس شامل ہیں۔

ادھر وزیراعظم کے انسداد پولیو مہم کے معاون خصوصی بابر بن عطا نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک جاری بیان میں کہا کہ بڑی تعداد میں پولیو مخالف فیس بک پوسٹ کا خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ یوٹیوب سے سیکڑوں کی تعداد میں پولیو مخالف ویڈیوز ہٹادی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاقے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے بھی بڑی تعداد میں پولیو مخالف ٹوئٹس کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔

بابر بن عطا نے کہا کہ گوگل نے بھی یوٹیوب پر پولیو مخالف مواد پھیلانے والوں کو وارننگ جاری کی جبکہ پولیو کے خلاف مواد اپ لوڈ کرنے والوں کو وارننگ دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں فیس بک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی میں تیزی فیس بک اعلیٰ حکام کے ساتھ طویل ویڈیو کانفرنس کے بعد عمل میں لائی گئی۔