56

سپریم کورٹ: اسکول فیس میں اضافے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیس میں اضافے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سندھ اور پنجاب حکومت کی جانب سے نجی اسکولوں کی فیس میں اضافے سے متعلق 5 فیصد حد لگانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی، جس کے تحت صوبہ سندھ میں آئندہ 3 سال میں فیس میں 5 فیصد سے زائد اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔

گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لارڈ میکالے نے کہا تھا کہ اچھے اساتذہ دیں، میں اچھی قوم دوں گا۔

چیف جسٹس آصف کھوسہ نے بہتر تعلیم کے لیے اساتذہ پر خرچ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ والدین نجی اسکولوں کی جانب سے بھاری فیسوں کے باعث پریشانی کا شکار ہیں لیکن اس سے اسکولوں کو کتنا منافع ہوتا ہے وہ یہ جاننے کی کوشش نہیں کرتے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ نجی اسکولوں سے متعلق آڈیٹر جنرل کے رپورٹ کے مطابق بعض مقدمات میں اسکولوں کی جانب سے ظاہر کیے جانے والے اخراجات ٹیکس منیجمنٹ کے لیے ترتیب دیے گئے تھے جس کے نتیجے میں والدین کو پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔

سپریم کورٹ نے مذکورہ معاملے سے متعلق فیصلے کی مناسب کارروائی کے لیے پشاور، اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ کے مقدمات متعلقہ ہائیکورٹس کو بھجوادیے جو ان مقدمات پر کارروائی کریں گی۔