71

گراں فروشی کی روک تھام کیلئے سپیشل مجسٹریٹ تعینات

پشاور۔ خیبر پختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع سمیت صو بے بھر میں گرانفروشی کیخلاف دفعہ 14اے کے تحت سپیشل مجسٹر یٹ تعینات کر کے گراں فروشو ں کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کر نے کا حکم جاری کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام ضلعی پبلک پراسکیوٹرز کو ہدایت بھی جاری کردیں گئی ہیں۔

 صوبائی حکومت نے رمضان کے مقدس مہینے کے دوران گرانفروشی سے متعلق شکایات سپیشل مجسٹریٹ کی بجائے جوڈیشل مجسٹریٹ کو موصول ہونے کا سختی سے نوٹس لیا ہے بتایا گیا ہے کہ اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی سرکاری قیمتوں میں فراہمی یقینی بنانے اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے خصوصی مجسٹریٹ تعینات کئے گئے ہیں اس ضمن میں تمام ضلعی پبلک پراسکیوٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ دفعہ 1 4اے کے تحت تمام تر چالان خصوصی مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرائے جائیں اور روز مرہ کی رپورٹ صوبائی محکمہ داخلہ میں تعینات ڈائریکٹر مانیٹرنگ کو ترجیحی بنیادوں پر ارسال کریں۔

ان ہدایت پر عملددرآمد نہ کرنیوالے افسران کیخلاف کاروائی کا عندیہ دیا گیا ہے ٗمحکمہ داخلہ نے صوبے کے تمام پولیس افسران کو بھی 14اے کے تحت تمام تر چالان خصوصی مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرنیکی ہدایت کی ہے صوبائی محکمہ داخلہ نے عوامی مفاد کے پیش نظر 14اے کے تحت چالان اضلاع میں قائم سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرنے کیلئے تمام تر قواعد و ضوابط جاری کئے ہیں۔

 یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مروجہ قوانین کے تحت صوبائی حکومت کسی بھی قانون کو لاگو کرنے کیلئے سپیشل مجسٹریٹ تعینات کرسکتی ہے جس کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوتے ہیں اس لیے خیبر پختونخوا میں رواں رمضان کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو میں کرنے کیلئے خصوصی مجسٹریٹ کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اسی طرح صوبائی محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی گرانفروشی اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھا م کیلئے دفعہ 14اے نافذ کردی گئی ہے۔

 اس سلسلے میں قبائلی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے متعلقہ اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی سرکاری قیمتوں میں فراہمی یقینی بنائیں اور مصنوعی مہنگائی کے روک تھام کیلئے دفعہ 14اے کے تحت کاروائیاں کریں۔