51

پشاور کی تاریخی عیدگاہ کو کمرشل استعمال سے روکنے کا فیصلہ

پشاور۔پشاورکی تاریخی عیدگاہ کو کمرشل استعمال سے ر وکنے کے لیے کوششیں تیزکرنے کافیصلہ کیاگیاہے مقامی رکن صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ دوبارہ رابطہ کرنے اور صوبائی اسمبلی کے فلور پربھی مسئلہ اٹھانے کااعلان کردیا سابق دور میں محکمہ اوقاف کی طرف سے تاریخی عیدگاہ میں شادی ہال کے قیام کی غرض سے زمین لیز پردی گئی تھی جس کے خلاف مقامی آبادی میں غم وغصہ پایا جاتاہے۔

اس کے خلاف اہل علاقہ بھرپور احتجاج بھی کرچکے ہیں اس سلسلہ میں مقامی رکن صوبائی اسمبلی آصف خا ن کی درخواست پر وزیراعلیٰ نے معاملہ کا ازسرنو جائزہ لینے کے حوالہ سے ڈائریکٹوز بھی جاری کیے جس کے بعدچھ مئی کو پہلا اجلاس ہوچکاہے جس میں لیز کی منسوخی کے معاملہ پر قانونی ماہرین سے رائے لینے کافیصلہ کیاگیاہے۔

دوسری طرف آصف خان نے اس سلسلہ میں صوبائی اسمبلی میں تحریک التواء لانے کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ کے ساتھ بھی دوبارہ بات کرنے کافیصلہ کیاہے عوامی حلقوں نے مطالبہ کیاہے کہ تاریخی عیدگاہ کی اہمیت کے پیش نظر یہاں کمرشل سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے اس کی تاریخی حیثیت کو محفوظ کیاجائے۔