41

شبر زیدی کی چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: معروف معیشت دان شبر زیدی کی چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کا نوٹی فکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جاری کیا۔

 وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد معروف معیشت دان سید محمد شبر زیدی کو بغیر تنخواہ دو سال کے لئے چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا ہے، اور اب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے  ان کی بطور چیئرمین ایف بی آر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

شبر زیدی پیشے کے اعتباد سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور ملکی کے علاوہ بین الاقوامی فورمز پر بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ نگراں سیٹ اپ میں سندھ کے وزیر خزانہ بھی رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) جہانزیب خان کو ان کے عہدے سے فارغ کیا گیا تھا، جس کے بعد چیئرمین ایف بی آر کیلئے مجتبیٰ میمن کا نام لیا جارہا تھا۔ مختلف حلقوں کے اعتراض کے بعد حکومت نے ان کی تقرری کا نوٹی فکیشن روک دیا تھا۔

شبر زیدی کی تعیناتی کے معاملے پر ایف بی آر میں شدید اختلافات تھے، وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹبلشمنٹ شہزاد ارباب نے گزشتہ روز پاکستان کسٹمز سروس اور ان لینڈ ریونیو سروسسے تعلق رکھنے والے ممبران کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ممبران کے تحفظات دور کرکے شبر زیدی کو ایف بی آر کا نیا چیئرمین تعینات کرنے پر منالیا تھا۔