39

اہل خانہ کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات

لاہور۔شریف خاندان کے افراد نے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ نواز شریف کو چھ ہفتوں کی ضمانت کی مدت مکمل ہونے پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔

 گزشتہ روز ان کی والدہ بیگم شمیم اختر، بیٹی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر سمیت خاندان کے دیگر افراد نے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کی۔ گزشتہ روز صرف خاندان کے افراد سے ملاقات مقرر کی گئی تھی۔ شریف خاندان کی آمد پر لیگی کارکن بھی اظہا ریکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر موجود رہے جو قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے کارکنوں کو محبت بھراسلام بھیجا ہے۔نواز شریف نے  مہنگائی اور عوام کی بڑھتی ہوئی مشکلات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ نواز شریف کا کہنا تھاکہ داتا صاحب کے باہر خود کش دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے دل بہت دکھی ہے، اللہ پاکستان پر رحم فرمائے۔ مریم نواز نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ عوامی حکومتیں عوام کے خواہشات پر چلتی ہیں جبکہ دھاندلی اور چور دروازے سے آنے والے نالائقوں کی حکومتیں دوسروں کی شرائط پر چلتی ہیں۔ نومہینے سے پاکستان کے حوالے سے ایک بھی اچھی خبر نہیں آئی، غریب پر رحم کرو اور اپنے محلوں سے نکل کر عوام میں جا کر دیکھو وہ کیسے سسک رہے ہیں۔