53

رمضان المبارک میں سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم

اسلام آباد۔ وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران سستے بازاروں کے دوروں کو یقینی بنائیں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں، ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات کی نگرانی کریں۔ نئی قانون سازی کے ذریعے بلدیاتی نظام کو موثر بنایا گیا ہے۔ 

حکومت مفاد عامہ کے لئے قانونی اصلاحات کا اہم ایجنڈا تیار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا۔ ارکان اسمبلی نے اجلاس میں مہنگائی کے خلاف اپنی تجاویز سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حکمران اتحاد کے ارکان قومی اسمبلی کو نئے بلدیاتی قانون کے بارے میں اعتماد میں لیا گیا۔ قانونی اصلاحات کے ایجنڈا سے انہیں آگاہ کیا گیا کہ معاشرے کے مختلف پسماندہ اور کمزور طبقات کے لئے قانون سازی کی افادیت سے عوام کو آگاہ کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مسائل پر قانون سازی کے لئے اہم بلز ایوان میں پیش کئے جا چکے ہیں۔

 توقع ہے کہ اس حوالے سے قانون سازی کا عمل جلد مکمل ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہونے والی کارروائی کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بلدیاتی نظام سے متعلق بھی ارکان نے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔