38

پاکستان اقوام متحدہ کمیشن برائے نارکوٹک ڈرگز کا دوبارہ ممبر منتخب

 اسلام آباد۔پاکستان کو اقوام متحدہ کمیشن برائے نارکوٹک ڈرگز کا دوبارہ ممبر منتخب کر لیا گیا۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو ایشیاء  پیسیفک گروپ میں سب سے زیادہ ووٹ 54 میں سے 48 ووٹ ملے۔

 ترجمان نے کہاکہ کمیشن کی رکنیت 4 سالہ مدت کے لئے ہو گی۔ ترجمان کے مطابق رکنیت کا آغاز یکم جنوری 2020 سے ہو گا۔ ترجمان کے مطابق انتخابات کا انعقاد اقوام متحدہ اکنامک اینڈ سوشل کونسل نیویارک میں ہوا۔ ترجمان  نے بتایاکہ پاکستان نے کمیشن کے لئے گذشتہ چار دہائیوں سے خدمات انجام دی ہیں۔

 ترجمان کے مطابق پاکستان کو بھاری اکثریت میں ووٹ ملنا عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ ترجمان نے بتایاکہ پاکستان نے منشیات کی روک تھام کے لیے عالمی کاوشوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان منشیات کی روک تھام کے لیے اپنی کوششیں اور حمایت جاری رکھے گا۔