47

آسیہ بی بی کی کینیڈا منتقلی کی تصدیق

سپریم کورٹ سے توہینِ مذہب کے مقدمے میں بری ہونے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی بیرون ملک منتقل ہو گئیں۔

دفتر خارجہ کے ذرائع نے ڈان نیوز ٹی وی کو بتایا کہ ’آسیہ بی بی ملک سے جاچکی ہیں، وہ آزاد ہیں اور اپنی مرضی سے وہ اس سفر پر گئیں‘۔

تاہم ذرائع نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ آسیہ بی بی کس ملک گئی ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق آسیہ بی بی کا مقدمہ لڑنے والے وکیل سیف الملوک نے تصدیق کی کہ وہ کینیڈا پہنچ گئی ہیں۔

یاد رہے کہ آسیہ بی بی کو 9 سال قید میں رہنے کے بعد سپریم کورٹ نے 31 اکتوبر کو توہینِ مذہب کے مقدمے میں بری کیا تھا، جس پر مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج بھی دیکھنے میں آیا تھا۔

مذکورہ فیصلے کے بعد آسیہ بی بی کو 7 نومبر 2018 کو ملتان کی خواتین جیل سے رہائی کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد میں کسی نامعلوم مقام پر پہنچا دیا گیا تھا۔

اس کے بعد سے اب تک حکام سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ان کی موجودگی پر کچھ بھی بتانے سے گریزاں رہے، البتہ چند روز قبل برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ آسیہ بی بی پاکستان میں ہیں۔

قبل ازیں آسیہ بی بی کے بھائی جیمز مسیح نے کہا تھا کہ 'آسیہ پاکستان میں محفوظ نہیں ہیں، ان کے پاس کوئی اور چارہ نہیں کہ وہ جلد ہی ملک چھوڑ دیں‘۔

بعد ازاں آسیہ بی بی کی بریت کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف توہین مذہب کیس کے مدعی قاری عبدالسلام نے نظرثانی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت عظمیٰ نے مسترد کردیا تھا۔