48

نواز شریف کی مدت ضمانت ختم، آج جیل جائیں گے

لاہور:سابق وزیراعظم نواز شریف کی مدت ضمانت ختم ہو گئی، آج کوٹ لکھپت جیل جائیں گے۔لیگی رہنما اور کارکن نواز شریف کو ریلی کی صورت میں جیل لے کر جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے 26 مارچ کو نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھیجس کی مدتآج ختم ہوگئی ہے۔عدالت سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست بھی مسترد کرچکی ہے جس کے بعد نواز شریف آج دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوجائیں گے۔ لیگی رہنما اور کارکن نواز شریف کو ریلی کی صورت میں جیل لے کر جائیں گے۔جیل انتظامیہ نواز شریف کو شام 6بجے تک پہنچانے پر اصرار کر رہی ہے جبکہ لیگی قیادت نے ریلی کا وقت تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ  کیا ہے۔حکام کے مطابق نواز شریف لاک اپ بند ہونے سے پہلے جیل پہنچیں، نواز شریف کو پہلے والی بیرک میں ہی رکھا جائےگا، اور انہیں بی کلاس دی جائے گی جبکہ نیا قیدی نمبر الاٹ کیا جائے گا۔سابق وزیر اعظم نوازشریف پہلا روزہ جیل میں ہی افطار کریں گےاور ان  کے ملازم کا جیل کارڈ بنایا جائے گا جو انہیں کھانا فراہم کرے گا۔دوسری جانب ن لیگ کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جاتی امرا سے کوٹ لکھپت کے ریلی کا آغاز ساڑھے پانچ بجے ہو گا اور مریم نواز اپنے والد کو رخصت کریں گی اور گاڑی میں نواز شریف کے ہمراہ موجود ہوں گی،مسلم لیگ (ن) کے کارکن اظہار یکجہتی کیلئے ان کے ساتھ جیل تک جائیں گے۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی اپنے والد کو رخصت کرنے کے لئے جیل جانے اور کارکنوں سے خطاب کا اعلان کیا تھا۔ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ جی، میں میاں صاحب کے ساتھ جاوں گی اور کارکنوں سے بات بھی کروں گی،جتنا کٹھن فیصلہ ایک باپ کا بیٹی کا ہاتھ تھامے جیل جانے کا تھا، اتنا ہی کٹھن ایک بیٹی کا اپنے محبوب والد کو جیل چھوڑ کر آنا ہے۔ مگر میں جاوں گی۔ کیونکہ مقصد قومی ہے اور باپ بیٹی کے رشتوں سے کہیں بڑا ہے۔ قومی مقاصد قربانی مانگتے ہیں۔انشاءاللہ میں کارکنوں کے ساتھ ہوں گی۔دوسری جانب مریم نواز نے ٹویٹر ڈی پی بھی تبدیل کر دی،چلوچلو کوٹ لکھپت جیل چلو کی نئی ڈی پی لگا دی۔

یاد رہے کہ 26 مارچ کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کو 6 ہفتوں کیلئے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی ضمانت میں توسیع اور بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی درخواستیں مسترد کردیں تھیں۔تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت آج  ختم ہو گئی ہے،جس کے بعد وہ آج کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوں گے۔