48

پی ٹی آئی کا مریم نواز کی پارٹی کی نائب صدارت کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: تحریک انصاف نے مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا نائب صدر مقرر کیے جانے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت کو مریم نواز کے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر بننے پر اعتراض ہے اور قیادت نے اس کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مؤقف ہےکہ سزا یافتہ مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا نائب صدر کیسے بنایا جاسکتا ہے، عدالت سے سزا یافتہ ملزم کو پارٹی عہدہ نہیں دیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کا مزید مؤقف ہے کہ مریم نواز کو سزا معطلی کا عارضی ریلیف ملا ہے اور ان کی سزا ختم نہیں ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی نے مریم نواز کے پارٹی عہدے پر پارٹی رہنماؤں اور وکلاء سے مشاورت شروع کردی ہے جب کہ وزیر خارجہ مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے پر بھی غور کررہے ہیں۔

واضح رہےکہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) میں تنظیم سازی کی گئی ہے جس کے تحت 16 نائب صدور میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز جب کہ شہبازشریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بھی نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔