69

چیک ری پبلک پاکستان میں سرمایہ کاری کاخواہشمند

پشاور۔چیک ری پبلک کے اعزازی قونصل جنرل اسد سیف اللہ خان نے کہاکہ چیک ری پبلک کی حکومت پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے زراعت ،صحت سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں سرمایہ کاری لانے کےلئے تیار ہے، بچیوں کی تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر جلد پاکستان میں چیک ری پبلک کی خدمات سب کے سامنے ہونگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر چیک ری پبلک کے کمر شل اتاشی مائیکل بوباک ،چیئر مین ایم ٹی آئی نوشہرہ ملک ریاض موجود تھے ،اسد سیف اللہ کا کہنا تھا کہ چیک ری پبلک پاکستان میں تجارت کے فروغ کےلئے کوشاں ہے جس کےلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،توانائی ،معدنیات ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر سیکٹر میں چیک ری پبلک کی حکومت اور سرمایہ داران پاکستان میں سرمایاکاری کرنا چاہتے ہیں موجودہ وقت میں محدود تجارت کے باوجود پاکستان سے سالانہ 24ارب روپے کی پاکستانی مصنوعات برآمد کی جا رہی ہیں جبکہ 7ارب روپے کی اشیاءدرآمد کی جا رہی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کےلئے چیک ری پبلک سے سیاح آتے تھے لیکن افغانستان پر حملے کے بعد وہ سلسلہ رک گیا تھا اور یقین ہے کہ وہ سلسلہ جلد دوبارہ شروع ہو جائے گا ،خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں بچیوں کی تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کےلئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے ،

اسد سیف اللہ کا کہنا تھا کہ چیک ری پبلک اور پاکستان کی عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کےلئے نہ صرف وفود کے تبادلے کےلئے جائیں گے بلکہ دونوں ملکوں کی ثقافت کو بھی فروغ دیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ چیک ری پبلک میں پاکستانیوں کے روزگار کےلئے بھر پور مواقع دیئے بھی گئے ہیں اور آئندہ کےلئے بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ،

بعض شعبوں میں پاکستانیوں کی استعداد کار بڑھانے کےلئے چیک ری پبلک اپنی خدمات انجام دے رہا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو یورپی ممالک میں درپیش مسائل کےلئے چیک ری پبلک اپنا بھر پور کرداد ادا کرے گا،انہوں نے بتایا کہ چیک ری پبلک صحت کے شعبے میں خدمات کےلئے تیار ہے اور اسی سلسلے میں صوبائی حکومت کے ساتھ مزکراتی عمل جاری ہے۔