59

خیبرپختونخوااسمبلی میں 2قراردادیں متفقہ طورپر منظور

پشاور۔خیبرپختونخوااسمبلی نے دوقراردادوں کی متفقہ طورپر منظوری دی ہے جس میں حکومت سے مطالبہ کیاگیاکہ سرکاری وغیرسرکاری سکولوں میں بچوں کے بستوں کا وزن کم کرنے کے ساتھ عطائی ڈاکٹروں کے اشتہارات پرپابندی عائدکی جائے۔

دونوں قراردادیں تحریک انصاف کی عائشہ بانونے پیش کیں۔پہلی قراردادمیں کہاگیاتھاکہ سرکاری وغیرسرکاری سکولوں میں بچوں کے بستوں کا وزن بہت زیادہ ہوتاہے کہ جن سے بچوں کے بڑھوتری کے متاثر ہونے کے علاوہ ان کی ریڑھ کی ہڈی بھی شدیدمتاثرہورہی ہے اسکے علاوہ بچوں کی نشونما اوران میں پست قدسمیت کئی دیگرمسائل بھی سامنے آرہے ہیں ۔

حکومت تمام سرکاری وغیرسرکاری سکولوں کو اس بات کاپابندکرے کہ بچوں کے بیگزکاوزن بچے کے وزن کے دس فیصدسے زائد نہ ہو اور اس قانون پر عمل درآمد کرے ، دوسری قراردادپیش کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ اسوقت مختلف نشریاتی اداروں میں عطائی ڈاکٹرزاشتہارات دے رہے ہیں ان اشتہارات پرپابندی عائد کی جائے کیونکہ ان اشتہارات سے کئی سادہ لوح عوام لٹنے کے علاوہ ان کو مالی طو رپرنقصان پہنچایاگیاہے حکومت فوری طور پر اس پابندی کویقینی بنائے ۔