50

عدالتی عملہ کے جوڈیشل الاؤنس میں اضافہ

 پشاور۔ صو بائی محکمہ خزانہ نے صوبائی خزانے کی خراب مالی پوزیشن کے پیش نظر پشاور ہائیکورٹ پشاور کے ملازمین کیلئے اعلان کردہ جوڈیشل اور دیگر الاؤنس میں اگلے چھ سال کیلئے اضافہ نہ کرنے کی سفارش کی ہے ٗاگلے گریڈ میں ترقی سے پہلے سپر نٹنڈنٹ گریڈ سولہ میں جوڈیشل اور یوٹیلیٹی الاؤنس لے رہے تھے تاہم گریڈ سترہ ملنے پر اضافہ کردہ جوڈیشل الاؤنس سے محروم ہوگئے اس بارے ایک تصحیح اعلامیہ جاری کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی ہے تاکہ ابہام کو دور کیا جاسکے اس کے علاوہ ماتحت عملے یعنی گریڈ ایک سے چھ تک کے عدلیہ ملازمین کیلئے نیا جوڈیشل الاؤنس چھ ہزار، گریڈ سات سے سولہ کیلئے نو ہزار جبکہ گریڈ سترہ کے افسران کیلئے پندرہ ہزار مقرر کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں باقاعدہ منظوری بھی دیدی ہے۔

 تاہم محکمہ خزانہ نے سمری میں صو بائی حکومت سے سفارش کی ہے کہ موجودہ خراب مالی حالات کے پیش نظر عدالت عالیہ سے گزارش کی جائے کہ وہ آئندہ ایسے فیصلوں کے ساتھ صو بے کے مالی وسائل کو بھی مد نظر رکھے اور آئندہ کم از کم چھ سال تک براہ راست اضافہ نہ کیا جائے سمری میں کہا گیا ہے کہ ماتحت عدالتی عملہ جن کی کل تعداد5548 ہے ان کو الاؤنس کی ادائیگی پر صو بائی خزانے کو اضافی اخراجات 26 کروڑ 89 لاکھ53 ہزار روپے سالانہ کا بوجھ بر داشت کر نا ہو گا۔