41

انسداد پولیو کی کاوشوں میں سب سے بڑی کامیابی

پشاور ۔ عالمی ادارہ صحت نے ماحولیاتی نمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد شاہین مسلم ٹاوَن پشاور کی سیوریج لائن میں پولیو وائرس کی عدم موجودگی کی تصدیق کردی ہے گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران یہ انسداد پولیو کی کاوشوں میں سب سے بڑی کامیابی ہے گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پشاور کی یونین کونسل شاہین مسلم ٹاوَن کی سیوریج لائن سے حاصل ماحولیاتی نمونوں کے لیبارٹری تجزیہ میں مسلسل پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوتی رہی جس کی وجہ سے اسے پولیو وائرس کی منتقلی (ٹرانسمشن) کے حوالے سے نہ صرف خطہ بلکہ بین الاقوامی طور پر خطرناک قرار دیا جاتا رہا ۔

انسداد پولیو کے لئے وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطاء کی ہدایت پر ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے کوآرڈینیٹر کیپٹن (ر) کی سرکردگی اور ضلعی انتظامیہ کے فعال تعاون سے شاہین مسلم ٹاوَن کی سیوریج لائن سے پولیو وائرس کے خاتمہ کے لئے ایک جامع پالیسی مرتب کی گئی جس کے تحت پولیو کے لحاظ سے پشاور کی 18 ہائی رسک یونین کونسلوں پر مشتمل ایک علیحدہ انتظامی یونٹ کے قیام سمیت متعدد اقدامات اٹھا کر دن رات کاوشیں کی گئیں اور حال ہی میں پولیو وائرس کی موجودگی کا سراغ لگانے کے لئے شاہین مسلم ٹاوَن کی سیوریج لائن سے جو ماحولیاتی نمونے حاصل کرکے اس کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا گیا ۔

تو اس کی رپورٹ کے مطابق یہاں پولیو وائرس موجود نہیں پایا گیا جو انسداد پولیو کے خلاف نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ ملکی سطح پر ایک بڑی کامیابی قرار دی جارہی ہے انسداد پولیو کے لئے وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطاء نے اپنے ٹویٹ پیغام میں اس کامیابی پر پشاور کی انسداد پولیو ٹیم کو سراہتے ہوئے شاہین مسلم ٹاوَن کی سیوریج لائن میں پولیو وائرس کے خاتمہ کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے اور پشاور کی انسداد پولیو ٹیم کو ان کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد دی ہے ۔