41

حکومتی اقدامات سے حالات جلد بہتر ہو جائیں گے‘محمود خان

پشاور۔۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت کو معاشی مسائل ورثے میں ملے ہیں تاہم حکومتی اقدامات کے نتیجے میں حالات جلد بہتر ہو جائیں گے۔ وہ پیر کے روز ضلع سوات یونیورسٹی شانگلہ کیمپس میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کو روزانہ 7 ارب روپے صرف قرضوں پر سودکی مد میں ادا کرنا پڑ رہے ہیں جس سے کمزور مالی پوزیشن کا اندازہ بخوبی لگا یا جا سکتا ہے۔

اس لئے موجودہ حکومت کو مشکل حالات سے نکلنے کے لئے مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہو ئے ہیں اور ان اضلاع کے لوگوں نے سب سے زیادہ قربانیاں بھی دی ہیں اس لئے حکومت قبائلی اضلاع کی تیز ترقی اور وہاں کے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

سوات اور شانگلہ کے علاقے بھی دہشت گردی سے کافی متاثر ہوئے ہیں اور ان علاقوں میں بھی ترقی کر عمل کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ سوات اور شانگلہ کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان مسائل کے حل کیلئے جا مع منصوبہ بندی کے تحت کام کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ اضلاع کو 6زونز میں تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ پسماندہ اضلاع کو صوبے کے دیگر اضلاع کے برابر لانے کیلئے زیادہ توجہ اور تیزی سے کام کیا جا سکے، شانگلہ کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل برائے کار لائی گی ، ضلع میں سڑکوں ، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے قیام کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے ضلع شانگلہ کے باشندوں کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی اور اس علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بھر پور توجہ دی جائے گی۔