49

رواں سال 8لاکھ صحت کارڈ کی تقسیم

اسلام آباد ۔ خیبر پختونخوا میں وزیراعظم کے صحت سہولت پروگرام کے تحت 17 لاکھ کارڈ تقسیم جبکہ مزید 8 لاکھ کارڈ رواں سال کے دوران تقسیم کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ خیبر پختونخوا ریاض تنولی نے جمعرات کو ’’اے پی پی‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کے صحت سہولت پروگرام کے تحت اب تک صوبہ خیبرپختونخوا میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 17 لاکھ صحت کارڈ تقیسم کئے جا چکے ہیں جبکہ رواں سال جولائی سے دسمبر تک مزید 8 لاکھ کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بی آئی ایس پی کے سروے کا مطابق 65 فیصد آبادی میں مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صحت کارڈ میں تمام چھوٹی بڑی امراض کے علاج کیا جا رہا ہے، علاج کی رقم کارڈ میں تقریباً 7 لاکھ روپے تک مختص کی گئی ہے ۔

ریاض تنولی نے کہاکہ ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا کی حکومت میں صوبہ میں صحت انصاف کارڈ کا تجربہ کامیاب رہا جس کی بدولت وزیراعظم عمران خان نے چاروں صوبوں اور وفاق گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں اس پروگرام کا نام وزیراعظم صحت سہولت پروگرام رکھا ہے۔