38

پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی یقین دہانی کرادی، امریکا

امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کا ملک دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں پلوامہ حملےکے بعد خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

شاہ محمود قریشی کے ٹیلی فون کا مقصد جان بولٹن کو خطے میں حالیہ پیشرفت سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کرنا تھا۔

امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے جیش محمد اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر پاکستانی وزیر خارجہ سے بات کرکے ان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔

John Bolton@AmbJohnBolton

Spoke with Pakistani FM Qureshi to encourage meaningful steps against JeM and other terrorist groups operating from Pakistan. The FM assured me that Pakistan would deal firmly with all terrorists and will continue steps to deescalate tensions with India.

3,003

12:27 AM - Mar 12, 2019

Twitter Ads info and privacy

1,649 people are talking about this

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پاکستانی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کا ملک دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے یہ یقین دہانی بھی کروائی ہے کہ پاکستان، بھارت سے حالیہ کشیدہ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات کرتا رہے گا۔

عسکریت پسند تنظیموں کے خلاف کارروائی

خیال رہے کہ 4 مارچ 2019 کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ملک میں شدت پسند اور عسکری تنظیموں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے آغاز کا فیصلہ کیا تھا۔

6 مارچ کو وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد میں متعلقہ حکومتوں نے جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن (ایف آئی ایف) کے کئی مدارس اور اداروں کو اپنے انتظام میں لے لیا تھا یا پھر سیل کردیا تھا۔

جس کے بعد 7 مارچ 2019 کو حکومت نے اعلان کیا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) پر عملدرآمد کرتے ہوئے اب تک 121 افراد کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق صوبائی حکومتوں نے اس کے علاوہ کالعدم تنظیموں کے 182 مدارس، 34 اسکول و کالجز، 5 ہسپتالوں، 163 ڈسپنسریوں، 184 ایمبولینسز اور 8 دفاتر کا انتظام بھی سنبھال لیا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان 2014 کے تحت آپریشن جاری ہے جبکہ وزارت داخلہ، صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔