334

چکوال کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے امیدوار چوہدری حیدر کامیاب

چکوال: پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 20 چکوال کا انتخابی معرکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جیت لیا۔

غیر سرکاری ابتدائی نتائج کے مطابق حکمراں جماعت (ن) لیگ کے امیدوار چوہدری  حیدر سلطان نے 29 ہزار 953 ووٹوں کی برتری حاصل کی اور کامیاب قرار پائے۔

تمام 227  پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری حیدر سلطان 75 ہزار 655 ووٹ کے ساتھ نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار طارق افضل 45 ہزار 702 ووٹ کے ساتھ دوسرے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار ناصر عباس 16112 ووٹ لے کر تیسرے نمبر رہے۔

2013 کے عام انتخابات میں (ن) لیگ کے امیدوار چوہدری لیاقت علی خان نے 62 ہزار 88 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ٹی آئی کے چوہدری علی ناصر خان بھٹی 32 ہزار 827 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے اور آزاد امیدوار چوہدری اعجاز حسین فرحت نے 35 ہزار 570 ووٹ لیے تھے۔

2013 میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹوں کا فرق 29 ہزار 261 تھا۔ ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہا، اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے چوہدری  حیدر سلطان اور تحریک انصاف کے طارق افضل کالس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

دیگر امیدواروں میں تحریک لبیک کے ناصر عباس، عوامی نیشنل پارٹی کے چوہدری عمران قیصر عباس اور آزاد امیدوار ڈاکٹر طفیل بھی میدان میں ہیں۔حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 530 ہے جن میں ایک لاکھ 44 ہزار 191 مرد اور ایک لاکھ 35 ہزار 339 خواتین شامل ہیں۔

ضمنی انتخاب کے لئے مجموعی طور پر 227 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں مردوں اور خواتین کے لئے 61،61 اور 105 مشترک پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی چوہدری لیاقت علی خان کے انتقال کے بعد پی پی 20 چکوال کی نشست خالی ہوئی تھی۔