96

جی ایچ کیو میں یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب جاری

راولپنڈی: جی ایچ کیو میں یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب جاری ہے جس میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سیاسی وعسکری قیادت شریک ہے۔ 

 پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب جاری ہے جس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیردفاع پرویز خٹک، وزیرخزانہ اسد عمر، تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت سیاسی وعسکری قیادت شریک ہے۔

یوم دفاع کی تقریب میں اپوزیشن رہنماؤں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنما شامل ہیں جب کہ تقریب میں کھلاڑی اور فنکار بھی شریک ہیں۔

6 ستمبر 1965 کو بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تھا جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے، اسی دن کی یاد میں آج  یوم دفاع وشہداء پاکستان بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔

یوم دفاع و شہداء کا آغاز نمازِ فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ اس کے علاوہ دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں ملک کی بقا اور سلامتی کے لیے دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہوا۔ قوم اپنے  شہداء کو خصوصی خراج عقیدت پیش کررہی ہے جب کہ شہیدوں کے ساتھ ساتھ  اُن غازیوں کو بھی  سلام پیش کیا جارہاہے جو قوم کے خواب پورے کرتے ہوئے خود ادھورے ہوگئے۔

ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے خصو صی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کراچی میں یومِ دفاع کے سلسلے میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب ہوئی، جہاں پاکستان ایئرفورس اصغر خان اکیڈمی کےکیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، جن میں 5 لیڈی کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

یوم دفاع کے حوالے سے مزار اقبال پر پروقار تقریب ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ پاک فوج کے گریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سربراہ پاک بحریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے خصوصی پروموز تیار کیے ہیں جس میں شہداء جدوجہدِ آزادی کشمیر کو بھی سلام پیش کیا گیا ہے۔