35

علاقائی ترقی کیلئے وسائل بروئے کار لا ئیں گے ‘ ڈپٹی سپیکر محمود جان

پشاور ۔قائمقام سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 100 روزہ پلان کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

علاقائی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے بنیادی ضروریات کی مد میں سوئی گیس کی فراہمی ناگزیر ہے۔ موجودہ عوامی چیلنجز کا مقابلہ بغیر سہولیات کی فراہمی کے ممکن نہیں۔وہ گزشتہ روز اپنے چیمبر میں قائمقام جنرل مینجر سوئی نادرن گیس محمد اورنگزیب خان سے ملاقات کے موقع پر حلقہ پی کے 66 میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے پیش نظر عوامی مسائل پر گفتگو کررہے تھے۔

قائمقام سپیکر محمود جان نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کے مشن کا حصہ ہے لہٰذا مذکورہ ادارہ اس ضمن میں خاطر خواہ اقدامات اٹھائے انہوں نے حلقہ پی کے 66 میں مذکورہ ضمن میں عوامی شکایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے اور رات گئے گیس کی فراہمی کرتا ہے جس وقت گیس کے استعمال کی ضرورت نہیں ہوتی لہٰذا متذکرہ مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

قائمقام سپیکر نے محکمہ ہذا کے حکام پر زور دیا کہ حلقہ پی کے 66 میں گیس کی فراہمی کے ضمن میں پلان پر فوری عمل کیا جائے اور علاقے میں گیس کے پریشر کی کمی اور لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا جائے۔ اس موقع پر جی ایم سوئی گیس نے واضح کیا کہ محکمہ گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے کوشاں ہے اور متذکرہ حلقہ نیابت میں پلان کے مطابق ورک کا ٹینڈر25ستمبر تک اخبارات میں مشتہر ہوجائے گا اور دیگر محکموں سے NOC لیکر کام کا آغاز کیا جائے گا۔