51

مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ٗ سراج الحق

اسلام آباد۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم تعصب اور تنگ نظری کی بات نہیں کرتے لیکن اتنا ضرور کہتے ہیں کہ اس وقت سیاست پیسے والوں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ایک ایسی سوسائٹی اور نظام ہو جس میں عام آدمی کو صلاحیت کی بنیاد پر کام کرنے کا آگے بڑھنے کا اور قوم کی خدمت کا موقع ملے۔

جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کے کسی لیڈر،ورکر اور رکن پر یا وزیر پر کرپشن کا کوئی دھبہ یا داغ نہیں ، ہم ایک مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار سراج الحق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ایک جغرافیہ بھی ہے اور یہ چار صوبوں کے مجموعہ کا نام ہے اور ایک وفاق ہے جبکہ پاکستان ایک نظریہ بھی ہے اور ہماری پارلیمنٹ کے ماتھے پر کلمہ طیبہ لکھا ہے ۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے وجود کا مقصد ہی صرف ایک ملک نہیں تھا بلکہ ایک نظریہ تھا اور ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں پاکستان بنا تھا ہماری خواہش ہے کہ جمہوری پرایس پرامن طریقہ اور عزت کے ساتھ مکمل ہو اور اس کے بعد جن لوگوں پر ذمہ داریاں پڑی ہیں میری دعاہے کہ اﷲ تعالیٰ ان کو ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان کی طرف چلنے کی توفیق عطا فرمائے ہم تعصب اور تنگ نظری کی بات نہیں کرتے لیکن اتنا ضرور کہتے ہیں کہ اس وقت سیاست پیسے والوں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ایک ایسی سوسائٹی اور نظام ہو جس میں عام آدمی کو صلاحیت کی بنیاد پر کام کرنے کا آگے بڑھنے اور قوم کی خدمت کرنے کا موقع ملے۔ 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کے کسی لیڈر،کارکن، ممبر پر یا وزیر پر کرپشن کا کوئی دھبہ یا داغ نہیں ہے سراج الحق نے کہا کہ ہماری اس کارکردگی کا اعتراف عالمی بینک نے کیا ہے ہماری ٹرانسپرنسی کا اعتراف ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کیا ہے ہماری جمہوریت پسندی کا اعتراف پلڈاٹ نے کیا ہماری صداقت و امانت کا اعتراف سپریم کورٹ کے ججز نے کیا ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ ہم ایک مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔