33

امریکی وزیرخارجہ کل اسلام آباد پہنچیں گے

اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بدھ کو ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے جس کے دوران ان کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات متوقع ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وزیرخارجہ کل سہہ پہر کو اسلام آباد پہنچیں گے اور اہم ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ پہلی ملاقات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کریں گے جس کے بعد دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر پاک امریکا مذاکرات ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ امریکی وزیرخارجہ کے ہمراہ امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف بھی ہوں گے۔

وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد امریکی وزیرخارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات متوقع ہے۔ امریکی وزیرخارجہ ایک روزہ دورہ مکمل کر کے بدھ کو ہی بھارت روانہ ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کے دوران انہوں نے پاکستان میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکا کا مزید کہنا تھا کہ افغان امن عمل کو بڑھاوا دینے میں پاکستان کا اہم کردارہے۔ تاہم پاکستان نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق جاری کردہ امریکی بیان کو حقائق کے منافی قرار دےکر مسترد کردیا تھا۔