151

سوات میں تعمیر نو کا کام آخر ی مراحل میں داخل 

پشاور۔ دہشت گردی سے تباہ شدہ مالم جبہ ہوٹل اور سکینگ ریزورٹ سوات کا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے جبکہ چیئرلفٹ اور سکینگ ٹریک پہلے ہی مکمل ہونے کیساتھ سیاحوں کیلئے کھول دیا گیاتھا، ہوٹل بھی بہت جلد تکمیل کے بعد سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا بتا یا گیا ہے کہ موسم سرما کی آمد اور پہلی برفباری ہوتے ہی نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاح مالم جبہ میں سکینگ سے لطف اندوز ہونے کیلئے اس علاقے کا رخ کرتے ہیں ۔

سیاحتی مقام کو 2007-8 میں دہشتگردوں نے مکمل طور پرتباہ کردیا تھاجبکہ اٹھارویں ترمیم سے قبل مالم جبہ سیاحتی مقام وفاقی حکومت کے محکمہ سیاحت کے زیرانتظام تھا اور 18ویں ترمیم کے بعد صوبے خیبرپختونخواکے حوالے ہوگیا ،12 ایکڑ پرمشتمل رقبے پر سکینگ ریزورٹ اور چیئرلفٹ تعمیر کی گئی ہے جبکہ پرانا ہوٹل اور چیئرلفٹ 12 ایکڑ رقبے پر ہی مشتمل تھاجہاں ہرسال ہزاروں سیاح سیر کرنے آتے تھے،اس سے متصل 257 ایکڑ جنگلی علاقہ سیاحوں کی تفریح اور چہل قدمی کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔

سیاحوں کی تفریح اور چہل قدمی والا علاقہ بدستور محکمہ جنگلات کے زیرانتظام ہی رہے گا،واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے مالم جبہ ہوٹل ، چیئرلفٹ ، سکینگ ریزورٹ اور متصل رقبے کی صراحت 2016 میں ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران کی تھی،جس میں سیاحوں کیلئے مالم جبہ میں دہشتگردی سے متاثر ہونے والے ریزورٹ کی تعمیر، چیئرلفٹ سمیت سکینگ ٹریک وغیر ہ شامل تھا۔

اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سیاحوں کی تفریح کا ایک بہترین سیاحتی مقام مکمل طور پر بحال ہوجائیگا بلکہ مقامی معیشت میں بہتری آنے کیساتھ ساتھ روزگار کے سینکڑوں مواقع میسر ہوسکیں گے اورصوبائی حکومت کو خاطر خواہ محاصل بھی ملیں گے۔