182

وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کومزید وسعت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد۔ وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کومزید 15 اضلاع میں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا15 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے،وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام میں صوبہ خیبرپختون خوا کا کوئی ضلع شامل نہیں،پنجاب کے 12،بلوچستان کے دو،سندھ کے ایک ضلع شامل ہے، وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کا جائزہ اجلاس منگل کو وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ نوید کامران بلوچ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ، پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل ارفاق اور سٹیٹ لائف کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر صحت سائرہ افضل تارڑنے کہا کہ پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا صحت عامہ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، جس کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلایا جا رہا ہے اور اس پروگرام کے تحت غریب مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ۔

وفاقی وزیر قومی صحت نے ہدایت کی کہ پاکستان بھر میں مزید 15 اضلاع جن میں مظفر گڑھ، لیہ، لودھراں، ملتان، راجن پور، ڈی جی خان، میانوالی، بھکر، خوشاب، بہاولنگر، بہاولپور اور حافظ آباد ،جب کہ صوبہ سند ھ سے نوشہرو فیروز صوبہ بلوچستان سے قلعہ عبداللہ اور خضدار شامل ہیں جن میں صحت پروگرام کا فوری طور پر آغاز کیا جائے سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے غریب عوام کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہیں۔

ا نہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ان نئے 15 اضلاع میں تقریباً 15 لاکھ خاندان علاج معالجے کی مفت سہولیات سے مستفید ہوں گے۔واضح رہے کہ دسمبر 2015 میں سابق وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف نے وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام شروع کیاتھا جس کے تحت یہ پروگرام 23اضلاع میں شروع کیا گیاتھا۔