88

پی ٹی آئی مخالفین کیلئے خطرے کی گھنٹی بن چکا ہے ٗ پرویز خٹک

نوشہرہ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں عوام دشمن سیاسی اشرافیہ سے تنگ عوام خصوصاً نوجوانوں نے تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور نوجوانوں نے اپنا مستقبل پی ٹی آئی کے سپر د کردیا۔موجودہ صوبائی حکومت نے عوامی توقعات کے عین مطابق تعلیم، صحت، پولیس اور خدمات کے دیگر شعبوں میں عوامی خدمت کا نیا اسلوب متعارف کرایا۔ قانون سازی اور اصلاحات کی ایک تاریخ رقم کی ۔خدمات کی فراہمی کا یہ اسلوب اگر چہ صوبے کے عوام کیلئے نیا ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ ہر حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کی خدمت کرے اور ہر حکومت کو یہ ذمہ داری سمجھنی چاہیئے مگر بد قسمتی سے ماضی میں حکومتوں نے اس ذمہ داری کا احساس نہیں کیا۔

تحریک انصاف نے اس مردہ احسا س کو زندہ کیا اور سرکاری وسائل کو عوام کی فلاح کیلئے خرچ کیاجو روایتی سیاستدانوں اور عوام دشمن عناصر کیلئے خطرے کی گھنٹی بن چکا ہے ۔ہمارے ان اقدامات سے مخالفین پریشان ہیں۔ بدعنوان مافیا کے نااہل اور کرپٹ نظام سے مفادات وابستہ تھے ۔واحد عمران خان ہے جس کو عوام کی فکر ہے اور اُنہوں نے عوامی خدمت کا قابل عمل منشوردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ویلج کونسل بانڈہ نبی ٹو یونین کونسل ڈاگئی اور کچہ گڑھی میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے ڈاکٹرعمران خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک اور جنرل کونسلر رضا خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ویلج کونسل بانڈہ نبی ٹو سے یوتھ کونسلر عبد الباسط، ذکاء اﷲ، فلک نیاز، شبیر احمد، الطاف، عمران خان، کامران خان، آصف شاہ ، ممتاز، سلمان، ولی گل، حامد خان، سید شاہ، عصمت اﷲ، مطیع اﷲ، خائستہ گل، وقاص اجمل، حسان عارف، جمیل خان، رحمت اﷲ، امد اد حسین، سعد خان، امیر حسین ، حاجی محمدجبکہ کچہ گڑھی سے ہدایت حسین ،بابو اُستاد، مدرسہ انوارالعلوم کے مہتمم، سید جمال شاہ، بارک اﷲ، صحت اﷲ،شہاب الدین، ضیاء الدین، احسان الدین، نیاز علی، بلال، شاہ محمد اور دیگر نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ نے کچہ گڑھی میں گیس کی فراہمی کیلئے پانچ کلومیٹر طویل گیس سپلائی کے منصوبے کا افتتاح کیا جس پر 83 لاکھ 67 ہزار روپے لاگت آئے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پہلے تین سال گیس پر پابندی تھی 2016 میں پابندی اُٹھی تو ہم نے گیس کی سہولت سے محروم عوام کو بنیادی سہولت فراہم کرنے کیلئے بھر پور کوشش کی ۔ گیس بنیادی طورپر وفاقی محکمہ ہے تاہم جوہماری بساط اور اختیارات میں ہے عوام کو سہولیات دینے کیلئے بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف میں نئے شامل ہونے والوں کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ صوبہ بھر سے خواص و عوام کی تحریک انصاف میں بڑھتا ہوا شمولیت کا رجحان موجودہ صوبائی حکومت کی گراں قدر اصلاحات، عوامی فلاح کے منصوبوں اور کرپشن کے خلاف قومی سطح پر تحریک انصاف کی نتیجہ خیز جدوجہد کا مظہر ہے ۔پرویز خٹک نے کہاکہ سابقہ حکومتوں خصوصا سابق صوبائی حکومت نے لوٹ مار تو خوب کی مگر عوام کو درپیش مسائل کی کبھی فکر نہیں کی ۔ ہماری حکومت نے اے این پی کے تباہ کردہ اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ۔ صوبے بھر میں ٹوٹے پھوٹے انفراسٹرکچر کو ٹھیک کرنے کیلئے اربوں روپے خرچ کئے ۔