208

ماحولیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سامنے آنا شروع


اسلام آباد۔دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے۔زہریلی گیسوں کے اخراج سے ناصرف درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیاں بھی وقوع پذیر ہورہی ہیں۔

موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان 10ویں نمبر سے 7ویں نمبر پر آگیا ہے۔ماہرین کے مطابق پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی گذشتہ ایک دہائی سے شدید ماحولیاتی مسائل کا شکار ہورہا ہے، اس مسئلے کو افرادی اور حکومتی سطح پر سنجیدگی سے لیا جانا چاہیئے.دنیا میں کاربن ڈائی اکسائیڈ کی بڑھتی شرح،گلیشئرز کے پگھلنے اور سمندروں کی سطح میں اضافے سمیت درجہ حرارت کو بڑھنے سے روکنے کیلئے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ موسم غیر معمولی تغیر و تبدل کا شکار ہورہا ہے۔ماہرین کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث خشک سالی، شدید بارشوں، سیلاب، طوفان اور زمینی تودے گرنے سے حیاتیاتی تنوع کو لاحق خطرات اب واضح طور پر محسوس کئے جا سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں معاشروں کی دیرپا ترقی کا انحصار تحفظ ماحولیات سے ہوگا کہ وہاں حیاتیاتی تنوع کو درپیش خطرات کا مقابلہ کتنی سنجیدگی سے کیا جارہا ہے۔ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ہر سطح پر آگاہی اور اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔