7

صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ملاقات

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور مشرق وسطیٰ کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات کا حل باہمی مشاورت اور بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی معاملات پر تمام متعلقہ فریقوں کو ساتھ بٹھا کر مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔

ایوان صدر کے مطابق گفتگو میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ ماضی میں آئینی ترامیم اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے کی گئی تھیں۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ آئندہ بھی تمام اہم معاملات پر مل بیٹھ کر مشاورت کی جائے گی تاکہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکے۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں سیاسی معاملات پر مشاورت اور اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔