فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے 23ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران مجموعی طور پر 1,439 طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جبکہ نمایاں تعلیمی کارکردگی پر 41 گولڈ اور 27 سلور میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔
کانووکیشن میں 1,230 بیچلرز، 179 ایم ایس اور ایم فل جبکہ 30 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کرنے والی طالبات کو اسناد دی گئیں۔ تقریب میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، سینئر تعلیمی عہدیداران، اساتذہ، فارغ التحصیل طالبات اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے فارغ التحصیل طالبات کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے نوجوان نسل کو ’’جنریشن 2047‘‘ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے تک ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کی ذمہ داری اسی نسل کے کندھوں پر ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے اور قومی ترقی کے لیے تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ طالبات کو چاہیے کہ وہ محترمہ فاطمہ جناح کی جدوجہد اور کردار کو مشعل راہ بنائیں، نفرتوں سے بالاتر ہو کر آگے بڑھیں اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کو اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے، جبکہ طالبات کی کامیابیوں میں والدین اور اساتذہ کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے فارغ التحصیل طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم، صلاحیتوں اور تجربات کو معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کریں اور پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت داری، حوصلے اور احساس ذمہ داری کو ترجیح دیں۔
فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں
وائس چانسلر نے جامعہ کی تعلیمی، تحقیقی اور بین الاقوامی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی اس وقت 32 شعبہ جات میں 104 ڈگری پروگرامز پیش کر رہی ہے، جن میں تقریباً 8,397 طالبات زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کیو ایس ایشیا یونیورسٹی رینکنگز 2027 میں جامعہ نے 1,722 جامعات میں 641ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ جنوبی ایشیا میں 178ویں نمبر پر رہی۔
اسی طرح ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز فار انوویشن 2026 میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے دنیا بھر کی خواتین جامعات میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ انڈسٹریل ایپلیکیشن کیٹیگری میں بھی عالمی سطح پر پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
جامعہ کی جانب سے فن ٹیک، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید شعبوں میں نئے تعلیمی پروگرامز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
تحقیق کے لیے 1.589 ارب روپے کی فنڈنگ
وائس چانسلر کے مطابق جامعہ نے قومی اور بین الاقوامی اشتراک سے 21 تحقیقی منصوبے حاصل کیے، جن کے لیے تقریباً 1.589 ارب روپے کی فنڈنگ رپورٹ کی گئی ہے۔ مزید برآں، جامعہ کے تین فیکلٹی ممبران کو اسٹینفورڈ یونیورسٹی اور ایلزیویئر کی جانب سے جاری کردہ 2026 کے دنیا کے دو فیصد بہترین سائنسدانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔
جامعہ کی طالبات نے بھی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جن میں جیسپ انٹرنیشنل موٹ کورٹ مقابلے میں چوتھی پوزیشن، پاک چین گیمز میں سلور میڈل اور کلائمیٹ چینج کیٹیگری میں اسٹارٹ اپ ’’کارڈانا یوٹینسلز‘‘ کی پہلی پوزیشن شامل ہے۔
نئے ہاسٹل اور سولر سسٹم سمیت ترقیاتی منصوبے
جامعہ میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے دونوں کیمپسز میں مجموعی طور پر 756.38 کلو واٹ صلاحیت کا سولر انرجی سسٹم نصب کیا گیا، جس پر 10 کروڑ روپے لاگت آئی، جبکہ 300 طالبات کی رہائش کی گنجائش پر مشتمل نئے ہاسٹل کا افتتاح بھی کیا گیا۔
مستقبل کے منصوبوں میں ایڈوانسڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس لیبارٹری، آٹزم اینڈ ویل بینگ سینٹر، نرسنگ اینڈ مڈوائفری کالج اور ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا قیام شامل ہے۔
تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور فارغ التحصیل طالبات کے ساتھ گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔
واضح رہے کہ 1998 میں قائم ہونے والی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی پاکستان کی پہلی سرکاری خواتین یونیورسٹی ہے، جو خواتین کی اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔









