4

خیبرپختونخوا میں طویل لوڈشیڈنگ والے علاقوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کے عوام کو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے ریلیف دینے کے لیے وفاقی حکومت نے زیادہ نقصانات اور طویل لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے توانائی مسائل کے حل کے لیے پاور ڈویژن میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی درخواست کی، جسے حکومت نے عوامی ریلیف اور خیرسگالی کے اقدام کے طور پر قبول کرلیا۔

فیصلے کے تحت زیادہ نقصانات اور طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنے والے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھایا جائے گا۔

بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی ضروری ہے، اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ عوام کو حکومتی اقدام کا مثبت جواب دینا چاہیے اور بجلی کے بل بروقت ادا کرنے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے واجبات کی ادائیگی اور بجلی چوری کا خاتمہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔

خیبرپختونخوا میں نیا لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

اویس لغاری نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم (اے پی ایم ایس) نافذ کیا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق نئے نظام کے تحت پورے فیڈر کو بند کرنے کا روایتی طریقہ ختم ہوجائے گا اور اس کے بجائے مخصوص ٹرانسفارمرز پر لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی، جس سے بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو پائیدار ریلیف فراہم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی قیادت کے درمیان رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔