4

سانحہ پمز کے ذمہ داروں کیخلاف 2 سے 3 دن میں مقدمات درج ہوں گے، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ پمز کے ذمہ دار افراد کے خلاف آئندہ 2 سے 3 دن میں مقدمات درج ہونا شروع ہوجائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سانحے کی ابتدائی رپورٹ کی بنیاد پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد کو معطل کیا جاچکا ہے، جبکہ تحقیقاتی کمیٹی اپنی حتمی رپورٹ آئندہ دو روز میں پیش کرے گی۔

وفاقی وزیر کے مطابق حتمی رپورٹ میں 8 معطل افراد میں سے ہر ایک کی غفلت یا کوتاہی کا تعین کیا جائے گا، جس کے بعد ذمہ داری فرداً فرداً طے کرکے مقدمات درج کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی تفتیش بھی جاری رکھے ہوئے ہے اور جلد مزید معلومات سامنے آجائیں گی۔ وزارتِ قانون کا متعلقہ شعبہ بھی معاملے پر کام کر رہا ہے۔

طارق فضل چوہدری کے مطابق پولیس فوجداری قوانین کے تحت 2 سے 3 دن میں مقدمات کے اندراج کا عمل شروع کردے گی، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔