2

پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج، حکومت نے مذاکرات کی پیشکش کردی

پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج جاری ہے، جبکہ حکومت نے جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیشکش کردی ہے۔

جماعت اسلامی کے ترجمان شکیل احمد ترابی نے تصدیق کی ہے کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہے، تاہم مذاکرات میں عوام کیلئے مکمل ریلیف پیکیج پیش کرنا ہوگا۔

شکیل احمد ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی، بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کے حوالے سے واضح ریلیف چاہتی ہے۔ حکومت صرف بریفنگ دینے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مکمل منصوبہ پیش کرے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد میں جاری دھرنے حکومت کی جانب سے ریلیف نہ ملنے تک جاری رہیں گے۔

جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی لاہور واپسی کے بعد حکومت کے ساتھ مذاکرات کی تاریخ طے کی جائے گی۔

دوسری جانب حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کی پیشکش کو جاری احتجاج کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔