5

خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے اور سیلاب کا خطرہ: پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری، ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے صوبے کے بالائی اضلاع میں شدید گرمی اور بارشوں کے باعث گلیشیئر پگھلنے اور گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (جی ایل او ایف) کے خطرے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 31 اگست سے 4 ستمبر تک متوقع وقفے وقفے سے بارشوں اور موسمی شدت کے سبب گلیشیئر تیزی سے پگھلنے کا امکان ہے، جس سے جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے جو اچانک شدید سیلابی ریلوں کا باعث بن سکتا ہے۔

اتھارٹی نے چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں حساس مقامات پر آبادی کے محفوظ انخلا کی مشقیں مکمل کرنے اور ہنگامی مراکز و محفوظ پناہ گاہوں کو فوری طور پر فعال رکھنے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔