4

ازبکستان چینی جے-10 سی ای لڑاکا طیارے خریدنے والا دوسرا ملک بن گیا

ازبکستان چینی ساختہ جدید J-10CE لڑاکا طیارے خریدنے والا دوسرا غیر ملکی ملک بن گیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ازبکستان نے 24 چینی ساختہ J-10CE طیاروں کا آرڈر دیا ہے، تاہم اس وقت تک کسی فریق نے باضابطہ طور پر اس معاہدے کی تصدیق نہیں کی تھی۔

چینی میڈیا کے مطابق جمعہ کو ازبک صدر کے دفتر کی جانب سے ملک کے یومِ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں کم از کم 6 چینی ساختہ لڑاکا طیارے نظر آئے۔

ویڈیو میں ازبک فضائیہ کے مذکورہ طیاروں کو رن وے پر موجود، فارمیشن میں پرواز کرتے اور واٹر کینن سلیوٹ حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اگر طیاروں کی موجودگی کی تصدیق ہوتی ہے تو ازبکستان J-10CE کے حصول کے حوالے سے پاکستان کے بعد دوسرا غیر ملکی خریدار بن جائے گا۔

دوسری جانب بنگلادیشی وزیر اعظم کے مشیر برائے اطلاعات و نشریات زاہد الرحمان نے بھی اعلان کیا تھا کہ بنگلادیش J-10CE لڑاکا طیاروں اور اٹیک ہیلی کاپٹرز کی ممکنہ خریداری کے لیے چین کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کے قریب پہنچ گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان J-10CE طیاروں کا پہلا غیر ملکی خریدار ہے۔ پاکستان نے گزشتہ برس مئی میں بھارت کے ساتھ ہونے والے مسلح تصادم کے دوران ان طیاروں کو استعمال کیا تھا، جس کے حوالے سے پاکستانی حکام نے بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جانے کے دعوے کیے تھے۔

J-10CE چینی ساختہ جدید کثیرالمقاصد لڑاکا طیارہ ہے، جسے برآمدی مارکیٹ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔